ہری ونش نارائن راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین منتخب
نئی دہلی۔۔۔راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین کے عہدے کیلئے ہونیوالے الیکشن میں این ڈی اے کے امیدوار ہری ونش اور اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کانگریس کے بی کے ہری پرساد کے مابین براہ راست مقابلہ ہوا ۔ این ڈی اے کے امیدوار اور جے ڈی یو کے راجیہ سبھا میں رکن پارلیمنٹ ہری ونش نارئن سنگھ نائب چیئرمین کے عہدے کیلئے الیکشن جیت کر منتخب ہوگئے۔ انہوں نے اپوزیشن کے رہنما بی کے ہری پرساد کو شکست دیدی۔ہری ونش کے حق میں 125ووٹ ڈالے گئے جبکہ بی ہری پرساد کو کل 105ووٹ حاصل ہوئے۔ ووٹنگ میں 222ارکان پارلیمنٹ نے حصہ لیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ہری ونش کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا خاندانی تعلق جے پی اور گاندھی سے ہے۔یہ انتخاب انتہائی اہم تھا کیونکہ دونوں جانب ’’ہری ‘‘تھے۔ امید ہے کہ ہری کی مہربانیاں قائم رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ اب کابینہ میں سب ہری کے بھروسے۔دوسری جانب کابینہ کی جمہوری سرگرمیوں میں شامل ہونے اور الیکشن لڑنے پر اپوزیشن کے رہنما بی کے ہری پرساد اور ارکان پارلیمنٹ کو مبارکباد پیش کی۔مودی نے کہا کہ میدان میں کھلاڑیوں سے امپائر پریشان رہتا ہے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ تحریک آزادی میں ضلع بلیا کا اہم کردار رہا ہے ۔ ہری ونش نے سابق وزیر اعظم چندرشیکھر کے ساتھ کام کیا اور اپنے عہدے کا ہمیشہ خیال رکھا۔ بی جے پی رہنما اور رکن پارلیمنٹ ارون جیٹلی نے ہری ونش کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہری ونش کابینہ میں مکمل تیاری کے ساتھ ہر موضوع پر خطاب کرتے ہیں ۔