ریاض- - - - سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ (جدہ) پر پروازوں کے ذریعے آنے والے عازمین حج کو پیش کرنے کے لئے ٹھنڈے پانی کے 2 لاکھ سے زیادہ چھوٹے کین مختص کیے گئے ۔ اس پروگرام کو نیک اولاد کا نام دیا گیا ہے اور اس پر عمل درآمد مکہ مکرمہ میں واقع نفع نیشنل سوسائٹی کی جانب سے کیا جا رہا ہے جس میں سوسائٹی کو سرکاری تعاون بھی حاصل ہے۔ جذبہ خیر سگالی کے اس پروگرام کا مقصد حرمین شریفین کی خدمت کے سلسلے میں مملکت کی کوششوں کے حوالے سے ویژن کو مضبوط تر بنانا اور اللہ کے مہمانوں کی خدمت سر انجام دینے کے حوالے سے خصوصی پیغام پہنچانا ہے۔نفع نیشنل سوسائٹی کے بورڈ آف مینجمنٹ کے چیئرمین سعید الزہرانی نے واضح کیا کہ نیک اولاد پروگرام سوسائٹی کے مختلف منصوبوں میں سے ایک اہم منصوبہ ہے جس کا مقصد اولاد کی جانب سے اپنے والدین کے لیے نیکی کا ایک پہلو اجاگر کرنا ہے۔