آئی سی سی پاک ہند کیس کا فیصلہ اکتوبر میں کریگی
دبئی:آئی سی سی کی تنازعات حل کر نے والی کمیٹی انڈین بورڈ کے خلاف پاکستانی کرکٹ بورڈ کے کیس کا فیصلہ یکم سے3 اکتوبر تک دبئی میں کریگی ۔ذرائع کے مطابق یکم سے 3 اکتوبر تک دبئی میں آئی سی سی کی تنازعات حل کرنے والی کمیٹی انڈین بورڈ کےخلاف پاکستان کرکٹ بورڈ کے کیس پر فیصلہ کرےگی۔ اگر اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو عہدے سے ہٹایا جاتا ہے تو پاکستان کا کیس کمزور پڑ سکتا ہے کیونکہ نجم سیٹھی اس کیس میں اہم گواہ ہیں اور بی سی سی آئی نے آئی سی سی میں جواب دیا ہے کہ انہیں حکومت نے پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے کی اجازت نہیں دی تھی۔اگر نجم سیٹھی کو نئی حکومت نے اکتوبر سے پہلے تبدیل کرنے کا اشارہ دے دیا تو ہند یہ موقف بھی اختیار کرسکتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بھی حکومت کے زیر اثر ہے۔ نجم سیٹھی گزشتہ سال اگست میں 3سال کےلئے پی سی بی چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔ رواں ماہ ان کا ایک سال مکمل ہوجائےگا جبکہ ان کے عہدے کی میعاد اگست 2020 میں مکمل ہوجائے گی۔اگر پی سی بی میں چیئرمین کا عہدہ خالی ہوتا ہے تو قائم مقام چیئرمین کا عہدہ پی سی بی کے الیکشن کمشنر کو مل جائےگا
جو اپنی نگرانی میں انتخابات کرائیں گے۔ انتخابات کےلئے بورڈ کے پیٹرن کو نجم سیٹھی کی جگہ نئی نامزدگی کرنا ہوگی۔