عمران اسماعیل کو مزار قائد جانے سے کیوں روکا گیا؟
کراچی ..کراچی میں پیپلزپارٹی کے نامزد وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی مزارقائد پر آمد کے پیش نظر تحریک انصاف کے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کو اندر جانے سے روک دیا گیا۔ نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل مزار قائد پہنچے تو وہاں پر موجود سیکیورٹی نے عمران اسماعیل کو اندر جانے سے روک دیا اور بتایا کہ اس وقت پیپلزپارٹی کے نامزد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اندر موجود ہیں جس پر عمران اسماعیل آگ بگولا ہوگئے اور کہا کہ پیپلزپارٹی کو اب پروٹوکول کو ختم کرنا چاہیے نامزد وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے پروٹوکول کے باعث عوام مزار قائد پر نہیں آسکتے۔ دوسری جانب مراد علی شاہ نے 40گاڑیوں کے پروٹوکول کو لاکر سڑک بھی بند کردی جس سے عوام کو تکلیف کا سا منا ہے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ میں بھی تحریک انصاف کا نامزد گورنر ہوں لیکن میں نے ہر گز اس کا فائدہ نہیںاٹھایا۔ بعدازاں عمران اسماعیل نے مزار قائد پر حاضری دی۔