منیٰ ..... 120مکی رضاکار مشاعر مقدسہ کے امانت خانوں میں سامان کی حفاظت کرینگے۔ 1439ھ کے حج کے دوران ضیوف الرحمن کو سامان کے حوالے سے لاحق ہونے والی پریشانی کے ازالے کے جذبے سے یہ کام انجام دیا جائیگا۔ اس منصوبے کے نگران اعلیٰ سلمان جان نے سعودی خبررساں ادارے واس کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مزدلفہ میں کنگ فیصل راہداری سے لیکر منیٰ میں پیدل حج کرنے والوںکے راستے تک 7امانت خانے حاجیوں کا سامان محفوظ کرنے کیلئے مہیا ہونگے۔ مسلم نوجوانوںکی عالمی تنظیم وامی نے محکمہ امن عامہ اور مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے تعاون سے مشاعر مقدسہ میں امانت خانے چلانے کا بندوبست کیا ہے۔ یہاں تمام زبانوں میں مطلوبہ خدمات کا تعارف بورڈ پر کرایا گیا ہے۔ اس پروگرام کے ڈائریکٹر محمد بن لسود نے بتایا کہ یہ رضاکارانہ کام بیحد اہم ہے۔ جمرات کی رمی کے وقت حاجی حضرات کو اس سے بیحد آرام ملے گا۔ اسکی بدولت مختلف مقامات پر ڈیرے ڈالنے کا سلسلہ بھی ختم ہوگا۔ حاجی سہولت اور آسانی سے حج کے کام انجام دے سکیں گے۔ اس کی وجہ سے سرکاری اور نجی اداروں کے درمیا ن تعاون اور ہم آہنگی کے رشتے مضبوط ہونگے۔ وامی نے اس پروگرام میں شامل نوجوانو ں کو رضاکارانہ عمل کی قدرو قیمت اور حجاج کرام سے ملنے کے طور طریقے سکھانے کیلئے د و خصوصی کورس بھی کرائے۔