Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کرکٹ :عسیر کرکٹ لیگ فائنل میں پہنچ گئی

 
225کے جواب میں جازان الیون 160رنز بنا سکی، ضیغم عباس70رنزبنانے پر مین آف دی میچ قرار پائے، کھلاڑیوں کیلئے نقد انعامات
سید مسرت خلیل۔ جدہ
عسیر ریجن : سعودی کرکٹ سہ فریقی انٹر سٹی چیمپیئن شپ میں عسیر کرکٹ لیگ (اے سی ایل) فائنل میں پہنچ گئی۔عسیر الیون کے 225رنز کے جواب میں جازان الیون 160رنز بنا سکی۔ ایس سی سی میڈیا کوارڈینیٹر سید مسرت خلیل کی رپورٹ کے مطابق ام صبور کرکٹ گراونڈ پرسدرن پراونس کرکٹ ایسوسی ایشن (ایس پی سی اے) کے زیر اہتمام سعودی کرکٹ سینٹر (ایس سی سی) کے تعاون سے کھیلی جانے والی پہلی سعودی کرکٹ سہ فریقی انٹر سٹی چیمپیئن شپ کے دوسرے راونڈ میں اے سی ایل نے جازان ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن (جے آرسی اے) کو65 رنز سے شکست دے دی۔عسیر کرکٹ لیگ کے کپتان فراست آفریدی نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر ضیغم عباس اور رضوان امجد نے اننگز کا آغاز کیا ۔ رضوان دوسرے ہی اوور میں 16رنز کے مجموعی اسکور پر فیضان ریاض کی گیند پر محسن علی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ وہ صرف 8رنز بناسکے۔ اس موقع پر ضیغم عباس اور محمد عدنان نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 81 قیمتی رنز کا اضافہ کر کے ٹیم کی پوزیشن بہتر بنائی۔ محمد عدنان 18 گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے 31رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ ابرارمشتاق 5رنز بنا سکے۔ ضیغم عباس نے نصف سنچری بناتے ہوئے 30گیندوں پر 3چھکوں اور 9چوکوں کی مدد سے 70رنز کی اننگز کھیلی۔ راشد محمود عباسی 18گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد 40، طاہر رشید نے برق رفتاری سے 6گیندوں پر4 چوکوں کی مدد سے 18رنز بنائے۔ ذ کاءاللہ محمد نواز 26گیندوں پر 3چوکوں کی مدد سے 35رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ عسیر الیون نے مقررہ 20 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز اسکور کیا۔ جازان کے محمد آصف حسین کامیاب بولر رہے۔ انھوں نے 29رنز دیکر2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔جوابی بیٹنگ میں جازان الیون مقررہ 20اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور کر سکی۔ فیضان ریاض نے سب سے زیادہ 25گیندوں پر 42 رنز اسکور کیا۔ ہمایوں جمیل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ میچ عسیر کرکٹ لیگ نے 65 رنز سے جیت لیا۔میچ کے مین آف دی میچ ضیغم عباس عمدہ بیٹنگ پرقرار پائے۔ میچ کی اختتامی تقریب میں عسیر کرکٹ لیگ کے ٹیم منیجر قربان علی بھٹی اور کیپٹن فراست آفریدی نے کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کئے۔ راحیل احمد اور وسیم عباس نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے۔فائنل میں عسیر کرکٹ لیگ کا مقابلہ سیریز کے تیسرے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا جو جازان الیون اور نجران الیون کے مابین کھیلا جائے گا۔ 

شیئر: