منی لانڈرنگ کیس،زرداری کی حفاظتی ضمانت
اسلام آباد...اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی بینک اکاونٹس سے منی لانڈرنگ کے کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔کراچی کی بینکنگ عدالت نے جعلی بینک اکاونٹس سے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سابق صدزداری سمیت کیس میں نامزد 15 مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے تھے۔ہفتہ کو سابق صدر نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد حفاظتی ضمانت کےلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ ٹرائل کورٹ میں پیش ہوناچاہتا ہوں، گرفتاری کا خدشہ ہے ۔ حفاظتی ضمانت دی جائے۔ ایف آئی اے کی انکوائری میں پیش ہونے کے لئے بھی ضمانت دی جائے۔سابق صدر کی درخواست سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اِن چیمبر سماعت کی۔اس موقع پر آصف علی زرداری عدالت میں پیش ہوئے۔ ان کی صاحبزادی آصفہ بھی ہمراہ تھیں۔درخواست ضمانت کی سماعت کے موقع پر آصفہ بھٹو کو کمرہ عدالت میں ہی روک دیا گیا اور چیمبر میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اکاونٹس کیس میں آصف علی زرداری کی حفاظتی ضمانت5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی ۔ تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا۔ زرداری کی 2 ہفتوں کےلئے حفاظتی ضمانت منظور کی گئی ۔انہیں عدالت نے 3ستمبر تک بینکنگ کورٹ کراچی کے سامنے پیش ہونے کا حکم بھی دیا ہے۔ دریں اثناءسابق صدر آصف علی زرداری سے میڈیا نے سوال کیا کہ آپ عدالتوں میں پھر رہے ہیں۔اس طرح کی کارروائیاں آپ کے خیال میں کیوں ہو رہی ہیں؟ زرداری مسکرائے اور جواب دیا کہ اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔