عمران خان کے وزیر اعظم بننے پر مٹھائیاں تقسیم ، احمد بشیر ، شہباز بھٹی اوردیگر کا اظہار تشکر
جدہ ( ارسلان ہاشمی) عمران خان کے وزیر اعظم کا حلف لینے پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مٹھائیاں تقسیم کی گئی ۔ اس موقع پر جدہ یونٹ کے عہدیداروں نے سعودیوں اور دیگر ممالک کے شہریو ںکو بھی خوشی میں شریک کیا۔ اس ضمن میں پی ٹی آئی سعودی عرب کے مرکزی عہدیدار فرخ رشید نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوامی امنگوں کے مطابق کام کرے گی ۔اہل پاکستان برسوں سے جس سحر کے منتظر تھے وہ بالاخر وہ طلوع ہو گئی ۔ اب پاکستان میں ہر ایک کے ساتھ عدل و انصاف اورملک ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہو گا ۔ وزیر اعظم اپنے اقوال پر پر قائم ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے جو وعدے کئے اب ان کے نبھانے کا وقت آن پہنچا ۔ عوام اب پاکستان کے ثمرات سے حقیقی معنو ں میں فیض یاب ہو ں گے ۔ پاکستان کو قدرت نے جو بیش بہا خزانے عطا کئے ہیں وہ عوام کےلئے ہیں ۔ فرخ نے مزید کہا ہم اس پرمسرت موقع پر پاکستانی عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔عوام نے ملک میں جس حقیقی تبدیلی کی بنیاد ڈالی ہے اب اسے حاصل کرنے کےلئے بھی حکومت کا بھر پور ساتھ دیں ۔ جدہ سٹی کے صدراحمد بشیر نے کہا اہل پاکستان کو مبارک ہو جن کی برسوں کی محنت کام آئی اور اب تبدیلی کے آثار نمودار ہو چکے ہیں ۔ ریجنل نائب صدر شہباز بھٹی کا کہنا تھا کہ اس خوشی کے موقع پر ہم رب تعالی کی بارگاہ میں سجدہ شکر بجالاتے ہیں کہ اس ذات گرامی نے پاکستان کو ایک ایسا قائد عطا کیاجو بدعنوانی سے انتہائی نفرت کرتا ہے ۔ اگر رہنما مخلص ہو تو منزل آسان ہو جاتی ہے ۔ ہمیں عمران خان کی صور ت میں جو قائد میسر آیا ہے وہ وطن اور قوم سے مخلص ہے ۔