عمران خان سے وزیر اعلی پنجاب کی ملاقات
اسلام آباد/لاہور... وزیر اعظم عمران خان سے منگل کو وزیر اعلی پنجاب سردار عثما ن بزدار نے ملاقات کی اور کابینہ کی تشکیل پر مشاورت کی ۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واضح کیا ہے کہ ہمارا طرز حکومت دوسری حکومتوں سے مختلف ہوگا ۔میڈیا سے گفتگو اور ٹی وی انٹرویو میںانہوں نے کہا کہ ہمارا پلان ہے کہ عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنانا ہے ۔پنجاب میں مسائل زیادہ ہیں اس کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر دورے کریں گے۔کرپشن اس ملک کا سب سے برا ناسور ہے اس کا خاتمہ کریں گے ۔ کرپشن نہیں ہونے دیں گے،جو افسر کرپشن کرے گا وہ خود کو فارغ سمجھے ۔کام کرنے والے اچھے افسروں کی حوصلہ افزائی کریں گے جو کام نہیں کرنا چاہتا وہ اپنا بندوبست کر لے۔عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہاوس کے 260ملازم نگران حکومت نے فارغ کئے ۔ضرورت پڑی تو مزید ملازمین کو بھی فارغ کیا جائے گا۔صوبے بھر میں سادگی لائیں گے، اخراجات کم کریں گے۔ محکمہ اینٹی کرپشن کو ٹھیک کرنا ہے،اگر یہ ادارہ ٹھیک ہوگیا تو سارے معاملات ٹھیک ہوجائیں گے ۔ افسروں کی کارکردگی کو جانچنے احتساب کے پیمانے بنائیں گے۔انہو ںنے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے کم سے کم پروٹوکول لوں گا۔ میرا کوئی روٹ پلان نہیں ہوگا ۔میری گاڑی ہر ٹریفک سگنل پر رکے گی ۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ زرعی معاملات کو دیکھنے کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کریں گے۔صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنائیں گے ۔پنجاب میں تھانہ کلچر کو تبدیل کرکے خیبر پختونخوا کا ماڈل رائج کریں گے ۔