میرے بیٹے کے پیچھے پڑ گئے،والدہ نواز شریف
لاہور.. سابق وزیرا عظم نواز شریف اورمسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر نے کہا ہے کہ نواز شریف کو والد نے سرکاری کھانا کھانے کی اجازت بھی نہیں دی۔میرا بیٹا جب پہلی مرتبہ وزیر اعظم بنا تو والد لاہور سے خرچ بھیجتے رہے۔کرپشن کا الزام جھوٹ کے سواکچھ نہیں ۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹر ویو دیتے ہوئے بیگم شمیم اختر نے کہاکہ میں نے اس سے پہلے کبھی میڈیا سے بات نہیں کی کیونکہ کبھی ایسے حالات ہی نہیں تھے۔ زندگی میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ نواز شریف کے پیچھے پڑ گئے۔کیا انہیں صرف نواز شریف ہی نظر آیا ہے۔ کرپشن کے حوالے سے سوال پرانہوں نے کہا کہ یہ جو دشمن ہیں وہی الزام لگا رہے ہیں۔نواز شریف نے نہ پیسہ کھایا او رنہ کرپشن کی ، جو الزامات لگاتے ہیں وہ ثابت کیوں نہیں کرتے۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف اور بیگم کلثوم نواز کے اچھے تعلقات ہیں۔بیوی بھی فرمانبردار تھی اور خاوند بھی ہر بات پوری کرنے والا تھا۔