ہند کا شاندار کم بیک، انگلینڈ کو 203رنز سے شکست
نوٹنگھم:انگلینڈ میں کھیلی جا رہی 5ٹیسٹ کی سیریز کے تیسرے میچ میں ہند نے شاندار کم بیک کیا۔نوٹنگھم میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ کو 203رنز سے شکست دے کر سیریز میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ ابتدائی دونوں میچز انگلینڈ نے جیتے تھے۔ سیریز کا نتیجہ 2-1ہو گیا۔تیسرے میچ کی دوسری اننگز میں 521رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 317رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ ہند نے 203رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔ ویرات کوہلی کو پہلی اننگز میں 97رنز اور دوسری اننگز میں سنچری بناتے ہوئے 103رنز اسکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ انگلینڈ کے بیٹسمین جوس بٹلر نے ٹیم کو میچ میں لانے کی کوشش میں سنچری اسکور کی اور 21چوکوں کی مددسے 106رنزکی اننگز کھیلی تاہم یہ سنچری میچ نہ بچا سکی اورانگلینڈ ایک بڑا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ بین اسٹوکس نے عدالت سے باعزت بری ہونے کے بعد دوبارہ انگلینڈ کے اسکواڈ میں شمولیت اختیار کی اور دوسری اننگز میں 62رنز بنا کر ٹیم کو شکست سے بچانے کی کوشش کی جو بارآور ثابت نہ ہو سکی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین جونی براسٹو دوسری اننگز میں فیلڈنگ کے دوران انگلی میں فریکچر آجانے کے باوجود کھیلنے کیلئے میدان میں اترے لیکن بمرا نے انہیں پہلی ہی گیند پر بولڈ کر دیا۔ عادل راشد نے 33رنز ناٹ آوٹ بنا کر اپنا حصہ ڈالا جس میں 5چوکے اور اننگز کا واحد چھکا بھی شامل تھا۔پہلی اننگز میں ہرادیک پانڈیا نے 5وکٹیں اور دوسری اننگز میں جسپریت بمرا نے خوبصورت بولنگ کرتے ہولے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کی پہلی اننگز میں ہند کے 329رنز کے جواب میں انگلینڈ نے 161رنز بنائے تھے ۔دوسری اننگز میں ہند نے انگلینڈ کو 521رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا جس کا سامنا کرنے میں انگلینڈ کی ٹیم کامیاب نہ ہو سکی اور 317رنز پر پوری ٹیم پویلین واپس چلی گئی۔ ٹیسٹ سیریز کے ابتدائی 2میچوں میں گراونڈ میں امپائرنگ کرنے والے پاکستانی علیم ڈار کو تیسرے میچ میں ٹی وی امپائر کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ سیریز کا پہلا میچ انگلینڈ کا ہزاروں ٹیسٹ میچ تھا جو انگلینڈ کیلئے تاریخی حیثیت کا حامل تھا اس میچ میں علیم ڈار امپائرنگ کے ساتھ ساتھ گراونڈ سے کبوتر بھی اڑاتے ہوئے نظر آئے تھے۔