Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج مسجد نبوی اور شہدائے احد کی زیارت میں مشغول

مدینہ منورہ .... حج کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج مکہ مکرمہ سے مسجد نبوی شریف ، شہدائے احد، مسجد قبا، مسجد قبلتین سمیت تاریخی مقامات کی زیارت میں مشغول ہوگئے۔ مکہ مکرمہ سے حجاج کرام کے قافلوں کا مدینہ منورہ کیلئے تانتا بندھ گیا۔ مدینہ منورہ میں حج و عمرہ و زیارت کے انتظامات پر مامور سرکاری و نجی ادارو ںکے عہدیدار اور اہلکار ضیوف الرحمن کو مسجد نبوی شریف کی زیارت کیلئے مدینہ آمد پر مطلوبہ سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔ خا ص طور پرالادلاء ادارے کے اہلکار حجاج کے استقبال میں پیش پیش ہیں۔ حجاج کی کثیر تعداد حج شروع ہونے سے قبل مدینہ منورہ پہنچ کر مسجد نبوی شریف کی زیارت کی سعادت حاصل کرچکی ہے۔ حج کے بعد 5لاکھ سے زیادہ حجاج کی آمد مدینہ منورہ متوقع ہے۔ مدینہ منورہ سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ضیافت میں فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے سیکڑوں علماء، دانشور ، اسکالر ، مفتیان کرام اور صحافی مسجد نبوی شریف کی زیارت کیلئے مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے مسجد نبوی پہنچ کر روضہ مبارکہ میں دو رکعت نماز ادا کرنے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور صاحبین رضی اللہ عنہما کی خدمت میں صلوة و سلام پیش کیا۔ انہوں نے دنیا بھر میں قرآن پاک شائع کرنے اور دسیوں زبانوں میں اسکے معانی و مطالب کے ترجمے تیار کراکر شائع کرنے والے سب سے بڑے مرکز کا بھی دورہ کیا جو کنگ فہد کمپلیکس برائے اشاعت قرآن کے نام سے معروف ہے۔ شاہی مہمانوں نے مسجد قبا، شہدائے احد کے مقبرے اور مدینہ منورہ کے متعدد تاریخی مقامات کا دورہ کیا۔ انہیں مسجد نبوی میں ہونے والی توسیع نیز تاریخی مقامات کی نگہداشت کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ 95ممالک کے 5400افراد امسال شاہ سلمان کی ضیافت میں حج کررہے ہیں۔ پاکستان، ہندوستان اور بنگلہ دیش کے حاجی بھی حج کے بعد زیارت کیلئے مدینہ منورہ پہنچے ہوئے ہیں۔ یہ لوگ تاریخی مقامات پہنچ کر اسلامی تاریخ کے واقعات کی یادیں تازہ کررہے ہیں اور آئندہ کی اپنی زندگی گزارنے کیلئے ان مقامات پر پیش آنے والے واقعات سے روشنی لینے کا اہتمام بھی کررہے ہیں۔

شیئر: