لندن .... لندن سے اٹلی کے شہر پالرمو جانے والی فلائٹ کو صرف 67میل اڑان بھرنے کے بعد مجبوراً ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی کیونکہ طیارے کا ہواباز اچانک خراب ہونے والے موسم سے گھبرا کر بے ہوش ہوگیا۔ طیارے میں سوار افراد کا کہناتھا کہ پائلٹ ایمرجنسی لینڈنگ کے لئے طیارہ موڑتے وقت بے ہوش ہوا تھا۔ طوفان اتنا شدید تھا کہ طیارے کے مسافروں پر گھبراہٹ طاری ہوچکی تھی۔ کیونکہ نہ صرف طرح طرح کی آوازیں آرہی تھیں بلکہ طیارے میں ایک ہلچل بھی مچی ہوئی تھی جس کے پیش نظرہواباز کیلئے ایمرجنسی لینڈنگ کے کوئی چارہ کار نہیں رہا تھا۔ ایمرجنسی لینڈنگ میں پائلٹ کی مددمعاون پائلٹ نے کی۔ ایمرجنسی لینڈنگ کامیاب ثابت ہوئی اور مسافروں نے اطمینان کا سانس لیا۔ فضائی کمپنی ریان ایئر کا کہناہے کہ لینڈ نگ کے بعد بے ہوش ہوجانے والے ہواباز کا طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں کچھ دیر اسپتال میں رکھ کر خطرے سے باہر قرار دیتے ہوئے فارغ کردیا گیا۔