الوفاء انشورنس کو فوقیت، میڈگلف انشورنس کی تنزلی، سابک کی قیمت میں فروغ
غیاث الدین ۔ جدہ
گزشتہ 2ہفتوں میں خام تیل کی قیمت میں 6.9فیصدکا اضافہ نوٹ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی سعودی اسٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی دیکھی گئی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 178پوائنٹس کے مدوجزر کے بعد 81.09پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 7948.25 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ایک وقت تو پرائس انڈیکس 8045.15پوائنٹس پر بھی پہنچ گیا۔ انفرادی کمپنیوں میں الوفاءانشورنس کو فوقیت حاصل رہی جس کی قیمت 20.21فیصد اضافے کے بعد 11.80 ریال پر پہنچ گئی اور اس میں 6.5ملین حصص کا کاروبار ہوا۔ منافع کے لحاظ سے سعودی اسٹیل پائپ دوسرے نمبر پر رہی جسکی قدر 8.57فیصد فروغ کے بعد 19ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ انفرادی کمپنیوں میں تنزلی کی فہرست میں میڈگلف انشورنس ٹاپ پر رہی جسکی قیمت 9.76فیصد تنزلی کے بعد 18.96ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ نقصان کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر سعودی کیبل رہی جسکی قیمت 8.42فیصد کمی کے بعد 6.85ریال پر بند ہوئی او راس میں تقریباً2ملین حصص کی خرید و فروخت ہوئی۔ سرمایہ کاروں کو ہوشیار رہنا چاہئے کیونکہ تداول نے سعودی کیبل کو ان کمپنیوں میں شامل کیا ہوا ہے جو اپنے سرمائے کا 50فیصد سے زیادہ حصہ کھو چکے ہیں۔ تعاونیہ انشورنس کی قیمت 5.32فیصد انحطاط کے بعد 51.60ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ ہیوی ویٹ سابک کی قیمت2.44فیصد فروغ کے بعد 126ریال پر پہنچ گئی۔ بینکنگ سیکٹر کی ہیوی ویٹ الراجحی بینک کی قدر 1.31فیصد اضافے کے بعد 85.10ریال پر بند ہوئی۔ کاروباری مالیت کے لحاظ سے النماءبینک سب سے ٹاپ پر رہی جس میں 1.3بلین ریال کی خرید و فروخت ہوئی اور اسکی قیمت 0.64فیصد کمی کے بعد 21.70ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔