وزیر اعظم کی بلدیاتی نظام سے متعلق قانون سازی ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت
اسلام آباد ...وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں اختیارات کی ایک شخص کے ہاتھ میں ہونے کی وجہ سے لوگ اپنے حق سے محروم رہے جس کی وجہ سے ترقی نہ ہوسکی اور حکومتی امور چلانے میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہمارے ایجنڈے میں شامل ہے۔ اتوار کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت بلدیاتی نظام سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء، پنجاب ، بلوچستان اور کے پی کے کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی ۔ اجلاس میں نئے بلدیاتی نظام سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور بلدیاتی نظام کی تشکیل نو کیلئے جائزہ کمیٹی تشکیل دی گئی ۔کمیٹی بلدیاتی نظام کی تشکیل نو کیلئے جائزہ تیار کرکے ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے گی اور پیش کردہ سفارشات صوبوں کو غورکیلئے بھجوائی جائیں گی ۔ سفارشات منظوری کے بعد صوبائی اسمبلیوں میں پیش کی جائیں گی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ ایجنڈے میں شامل ہے کہ حکومت عوام کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنائے گی۔ وزیر اعظم نے بلدیاتی نظام سے متعلق قانون سازی ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ہمارا اہم ہدف 100روزہ ایجنڈے کا نفاذ ہے۔