برازیل کے 200 سال قدیم نیشنل میوزیم میں شدید آگ بھڑک اٹھی
ریو ڈی جینرو۔۔۔برازیل کے معروف شہر ریو دی جنیرو میں قائم ملک کے قدیم ترین سائنسی ادارے” نیشنل میوزیم“ میں شدید آگ بھڑک اٹھی ۔ اسعجائب گھر میں قدیم نوادرات کی 2 کروڑ اشیا موجود ہیں۔ ابھی تک کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ۔یہ میوزیم کبھی پرتگال کے شاہی خاندان کی رہائش ہوا کرتا تھا اور رواں سال کی ابتدا میں اس کی تعمیر کا 200 سالہ جشن منایا گیا تھا۔برازیل کے سرکاری ٹی وی پر دکھائی جانے والی تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ آگ میوزیم بند ہونے کے بعد بھڑکی اور پھر پوری عمارت میں پھیل گئی۔آگ لگنے کی وجوہ کا ابھی علم نہیں ہو سکا ۔برازیل کے صدر مائیکل ٹیمر نے ایک ٹویٹ میں اسے برازیل کے تمام باشندوں کے لیے ''افسوسناک دن'' قرار دیا ہے۔ اس کے ساتھ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری تاریخ کی قدر اس عمارت کو ہونے والے نقصانات سے نہیں جانچی جا سکتی ہے۔برازیل کے ٹی وی گلوبو کے ساتھ ایک انٹرویو میں میوزیم کے ڈائریکٹر نے اسے ''ثقافتی سانحہ'' قرار دیا۔ایک ویب سائٹ کے مطابق اس میوزیم میں برازیل اور مصر سمیت دوسرے ممالک کی تواریخ سے متعلق ہزاروں نادر اشیا رکھی ہوئی تھیں۔اس میوزیم کے قدرتی تاریخ کے ذخائر میں ڈائنوسار کی ہڈیاں اور ایک خاتون کا 12 ہزار سال پرانا ڈھانچہ رکھا ہوا تھا۔ یہ ڈھانچہ امریکی بر اعظموں پر دریافت ہونے والا قدیم ترین ڈھانچہ تھا۔اس سے قبل میوزیم کے ملازمین نے فنڈ میں کٹوتی اور عمارت کی خستہ حالت پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔