بابر اعوان نے استعفی کیوں دیا؟
اسلام آباد ... وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے نیب ریفرنس دائر ہونے کے بعد عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق نندی پور پاور پراجیکٹ میں نیب ریفرنس دائر ہونے کے بعد وزیر اعظم کی ہدایت پر بابر اعوان نے استعفی دیا ۔ انہیں وزیر اعظم ہاوس طلب کیا گیا تھا ۔ نندی پور پراجیکٹ 2007 ءمیں مشرف دور میں آیا۔ 2012 ءمیں نندی پور ریفرنس منظور ہوا۔ بابر اعوان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی مجھ سے شروع ہونی چاہیے۔ کرسی سے چمٹے رہنے کی بجائے استعفیٰ کپتان کو بھیجوا دیا۔میرے خلاف کارروائیاں 2 افراد نے سیاسی مخالفین سے مل کر کیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کروں گا ۔نیب الزامات غلط ثابت کروں گا۔ میرے خلاف پہلے دن سے یک طرفہ کارروائی ہوئی۔ ایک قانون دان کی حیثیت سے عہدے سے چمٹے رہنا مناسب نہیں سمجھتا تھا۔ بے گناہی ثابت کرنے کیلئے تمام قانونی آپشنز استعمال کروں گا۔دریں اثناءقومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اور مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کے خلاف نندی پور پاور پروجیکٹ میں تاخیر پر بطور سابق وزیر قانون و انصاف کرپشن کا ریفرنس دائر کیا گیا ۔نیب کے مطابق سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو بھی بطور سابق وزیر پانی بجلی بابر اعوان کے ساتھ ریفرنس میں نامزد کیا گیا ۔ نیب راولپنڈی کی افسر عاصمہ چوہدری نے احتساب عدالت اسلام آبااد میں یہ ریفرنس دائر کیا ہے۔