رافیل معاہدہ سے متعلق درخواست پر سماعت آئندہ ہفتے
نئی دہلی۔۔۔۔ رافیل سودے کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری بحث اب سیاسی گلیاروں سے سپریم کورٹ تک پہنچ گئی جس پر اگلے ہفتہ سماعت کی امید ہے۔وکیل منوہر لال شرما نے رافیل طیاروں کے سودے پر روک لگانے سے متعلق ایک پٹیشن سپریم کورٹ میں دائر کی ۔ شرما نےچیف جسٹس دیپک مشرا، جسٹس اے ایم كھانولكر اور جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ پر مشتمل بنچ کے سامنے کیس کاخاص طور سے ذکر کیا اور فوری سماعت کی درخواست کی۔جسٹس مشرا نےدرخواست گزار کو اس پر اگلے ہفتے سماعت کی یقین دہانی کرائی۔ شرما نے اپنی درخواست میں رافیل سودے منسوخ کرنے، مبینہ بے قاعدگیوں کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کرنے اور قانونی کارروائی کرنے کی عدالت سے اپیل کی ۔گزشتہ کئی ماہ سے مودی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان الزام تراشیوں کا سلسلہ جاری ہے۔