یوایس اوپن:ڈوکووچ اور میڈیسن کیزکی فتح
نیویارک: سربیا کے ٹینس اسٹار اور سابق عالمی نمبر ایک نوواک ڈوکووچ اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے یو ایس اوپن مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔ مینز سنگلز کوارٹر فائنل میچ میں نوواک ڈوکووچ نے اسٹریٹ سیٹ میں باآسانی فتح حاصل کی۔سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے جان ملمین کو 3-6، 4-6 اور 4-6 سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ڈوکووچ کی فتح کے ساتھ یو ایس اوپن مینز سنگل سیمی فائنل کی لائن اپ مکمل ہو گئی ۔پہلے سیمی فائنل میچ میں رافیل نڈال کا مقابلہ ارجنٹائن کے جان مارٹن ڈیل پوٹرو سے ہوگا ۔ دوسرے سیمی فائنل میچ میں نو واک ڈوکووچ کا مقابلہ جاپان کے کی نیشیکوری سے ہوگا۔ ویمنز سنگلز امریکی ٹینس اسٹار میڈیسن کیز سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔ میڈیسن کیز نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپینش کھلاڑی کار لا سواریز نوارو کو اسٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 4-6 سے زیر کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ویمنز سنگلز کے پہلے سیمی فائنل میچ میں سرینا ولیمز کا مقابلہ آناستاسیجا سیواسٹووا سے ہوگا۔ دوسرے سیمی فائنل میچ میں میڈنسن کیز کا مقابلہ جاپان کی نومی اوساکا مدمقابل ہیں۔