عمران کے جذبہ خیر سگالی پر کوئی سوال نہیں ،سدھو
نئی دہلی... سابق ہندوستانی کرکٹراورکانگریس رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے جذبہ خیر سگالی پر کسی کو سوال نہیں اٹھانا چاہیے۔جمعہ کو ایک بیان میں انہوںنے ضلع نارووال میں واقع کرتارپورصاحب کا راستہ کھولنے پروزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے جذبہ خیرسگالی پر کسی کو سوال نہیں اٹھانا چاہیے۔ ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج سے درخواست کرتا ہوں کہ پاکستان ایک قدم چلا ہے تو ہند بھی دو قدم اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے متعلق ہندوستانی حکومت کی پالیسی میں کبھی مداخلت نہیں کی۔ مذہب کے معاملے پرسیاست کرنا ٹھیک نہیں۔سابق کرکٹروزیراعظم پاکستان کی حلف برداری کی تقریب میں خصوصی دعوت پر آئے تھے جہاں ان کی ملاقات جنرل قمر باجوہ سے ہوئی تھی۔