Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست کرکشن، پرائس انڈیکس میں 260.49پوائنٹس کی کمی

کاروباری مالیت 45فیصد اضافے کے بعد 14.4ارب ریال پر پہنچ گئی، سعودی اسٹیل کو فوقیت
غیاث الدین ۔ جدہ
گزشتہ ہفتے سعودی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست کرکشن دیکھی گئی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 450پوائنٹس کے مدو جزر کے بعد 260.49 پوائنٹس کی کمی کے بعد 7687.78پوائنٹس تک گر گیا۔ پرائس انڈیکس میں تو ضرور کمی ہوئی مگر باقی سارے اشاریے مثبت زون پر بند ہوئے۔ سودوں اور حجم میں بالترتیب 29.6فیصد اور 47.7فیصد کا اضافہ نوٹ کیا گیا۔ کاروباری مالیت 45.1فیصد کے زبردست اضافے کے بعد 14.4ارب ریال پر پہنچ گئی۔ مجموعی طور پر قیمتیں گرنے سے سرمایہ کاروں کے 68.5ارب ریال ڈوب گئے۔ اگر ہم انفرادی کمپنیوں پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوگا کہ سعودی اسٹیل پائپ کو فوقیت حاصل رہی جسکی قیمت 16.11فیصد اضافے کے بعد 22.06ریال پر پہنچ گئی۔جبکہ نالج سٹی منافع کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر رہی جسکی قیمت 6.50فیصد اضافے کے بعد11.14 ریال پر اختتام پذیر ہوئی جبکہ میٹیریلز سیکٹر میں شامل سافکو کی پرائس 5.57فیصد فروغ کے بعد 71.80ریال پر بند ہوئی۔ نقصان کے لحاظ سے نیشنل میڈیکل کیئر ٹاپ پر رہی جسکی قیمت 12.14فیصد انحطاط کے بعد 43.80ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ انشورنس سیکٹر میں شامل میڈ گلف کی قیمت 10.92فیصد کمی کے بعد 16.80ریال پر اور امانہ انشورنس کی پرائس10.81فیصد تنزلی کے بعد 16.50ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ ہیوی ویٹ سابک نے انڈکس کو کافی نقصان پہنچایا جسکی قیمت6.19فیصد کمی کے بعد 118.20ریال پر بند ہوئی جبکہ بینکنگ سیکٹر میں شامل الراجحی بینک کی پرائس2.12فیصد انحطاط کے بعد 83.30ریال تک گر گئی۔ سرمایہ کاری کے لحاظ سے النماءبینک ٹاپ پر رہی جس میں 2.6ارب ریال کی سرمایہ کاری کی گئی اور اسکی قیمت 5.16 فیصد گر گئی ۔ امید ہے کہ اگلا ہفتہ سرمایہ کاروں کیلئے اچھا ثابت ہوگا۔
 

شیئر: