Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسحق ڈار کی جائیداد ضبط‘ بیرون ملک اثاثوں کی تلاش جاری

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ن لیگ کے رہنما اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے سمدھی کی پاکستان واپسی سے متعلق پیش رفت کی رپورٹ طلب کرلی۔ اس دوران نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزم کی ملک میں جائیدادیں ضبط کی جا چکی ہیں اور بیرون ملک اثاثوں کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے۔ عدالت عظمیٰ میں دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نیئر رضوی نے بتایا کہ اسحق ڈار اور ان کی اہلیہ کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کردیا گیا ہے، جس کے بعد انہیں سفری دستاویزات کے ذریعے واپس لایا جائے گا۔ اشتہاری ملزم کو واپس لانے سے متعلق چیف جسٹس کے سوال پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ برطانیہ کے ساتھ پاکستان کا ملزمان کے تبادلے سے متعلق کوئی معاہدہ نہیں ہے، تاہم اس پر کام شروع ہوچکا ہے، فی الحال انٹرپول ہی کے ذریعے ملزم کو واپس لایا جا سکتا ہے ۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ اسحاق ڈار کی پاکستان اور امارات میں جائیدادیں ہیں، پاکستان میں موجود جائیدادیں ضبط ہو چکی ہیں، اب برطانیہ اور متحدہ عرب امارات میں ان کی جائیدادوں کا پتا لگایا جارہا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے پیش رفت کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔
 

شیئر: