پاکستانی ٹیم تینوں شعبوں میں متوازن ہے، چیف سلیکٹر
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز میں شاداب خان کا کردار اہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے لئے منتخب اسکواڈ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں متوازن ہے۔گرین شرٹس پوری تیاری کیساتھ میدان میں اتر رہے ہیں، امید ہے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔انضمام الحق نے کہا کہ اس وقت پاکستان ٹیم کی سب سے بڑی قوت ہم آہنگی اور اتحاد کی فضاءہے۔ یواے ای کی سلو پچز پر سلو بولرز کو صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔ قومی اسکواڈ میں 2اسپنرز شامل ہیں۔شاداب خان پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، اوپنرز فخرزمان اور امام الحق کیساتھ بابر اعظم بھی اچھی فارم میں ہیں۔حارث سہیل بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔ ایک سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ اللہ نہ کرے کہ ایشیا کپ میں کوئی کھلاڑی زخمی ہو، اگر ہوا بھی تو یو اے ای ہمارے لئے ہوم گراونڈ جیسا ہے۔اے ٹیم بھی وہاں ایکشن میں ہوگی۔متبادل تلاش کرنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔