سان میرینو .... مسابقت کی دوڑ جنونی کیفیت پیدا کرتی ہے۔ اسکے شواہد بار بار نظر آتے ہیں۔ گھڑ سواری ہو ، کار ریس ہو یا موٹر بائیک چلانا ہر شوق شدت اختیار کر جائے تو جنون کی حدوں تک پہنچ جاتا ہے۔ ایسا ہی کچھ یہاں اس وقت ہوا جب موٹر سائیکل کی ایک ریس کے دوران رومانو فیناٹی نامی حاسد قسم کے شخص نے مقابلے میں شامل حریف سے آگے بڑھنے کی کوشش کے دوران ایک انتہائی خطرناک حرکت کی اور اپنے سے ذرا آگے بڑھی ہوئی موٹر سائیکل کو بریک لگادیا۔ حاسد قسم کے بائیک سوار کی خواہش تھی کہ وہ کسی نہ کسی طرح اپنے حریف سے آگے نکل جائے مگر اس کی یہ حرکت کیمرے نے نوٹ کرلی اور اسی وجہ سے اسے مقابلے سے خارج کردیا گیا۔ کہا جاتا ہے کہ رومانو فیناٹی اور اس کے آگے جانے والے کال کرٹلو کے درمیان کافی دنوں سے مسابقت کی دوڑ لگی ہوئی تھی ۔ یہ دوڑ بنیادی طور پر اچھی سمجھی جاتی ہے او رآگے بڑھنے کی کوششوں کو سراہا بھی جاتا ہے مگر دوسرے کو نیچا دکھانے یا پیچھے رکھنے کی کوشش کو ماہرین نفسیات انتہائی خراب بیماری قرار دیتے ہیں اور اسے شدید خود غرضی سے تعبیر کرتے ہیں ۔ فیناٹی کی حرکت سے ذرا پیچھے رہ جانے والے بائیک سوار اسٹافانو مینزی نے منتظمین سے اپیل کی ہے کہ فیناٹی پر عمر بھر کیلئے پابندی عائد کردی جائے۔ موقع پر موجود افراد کا بھی یہ کہناہے کہ فیناٹی کی حرکت کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی تھی۔ خیر گزری کہ ایسا کچھ نہیں ہوا۔ جہاں تک اسکی اپنی ٹیم کا تعلق ہے تو اس نے ابتدائی کارروائی کے طور پر فیناٹی کو اپنی ٹیم سے خارج بھی کردیا ہے۔ واقعہ کے وقت دونوں موٹر سائیکلوں کی رفتار 145میل فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی تھی۔ اسپورٹس حلقے اس واقعہ کی مسلسل مذمت کررہے ہیں اور اسے اسپورٹس کی دنیا میں بدشگونی قرار دے رہے ہیں۔