ریاض /مکہ مکرمہ(ذکاءاللہ محسن +محمد عامل عثمانی) سعودی دارالحکومت ریاض اور مکہ مکرمہ میں مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں ، ورکرز اور متعدد سیاسی و مذہبی اور ادبی تنظیموں کے نمائندوںنے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ وفا شعار بہادر اور پاکستانی خواتین کی نمائندہ کلثوم نواز کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ مکتبہ دارالسلام کے سربراہ مولانا عبدالمالک مجاہد نے کہا کہ 3بار خاتون اول ہوتے ہوئے سادہ زندگی گزارنا ، نواز شریف کی شریک سفر بن کر دنیا بھر میں پاکستانی خواتین کی نمائندگی کرنا اور 1999ءمیں پارٹی پر برا وقت آنے پر آمر کےخلاف موثر مہم چلانا ایسے کارنامے ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ مسلم لیگ ن ریاض ریجن نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر تعزیتی اجلاس کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ریاض ریجن کے صدر خالد اکرم رانا نے کہا کہ کلثوم نواز کی کمی جہاں شریف خاندان ہمیشہ محسوس کریگا وہیں مسلم لیگی ورکرز بھی انہیں مادر جمہوریت کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔امریکہ کے شہر ورجینیا سے ریاض آنے والے مسلم لیگی صدر حاجی منشا ءنے کہا کہ کلثوم نواز نے اپنی زندگی کے تمام کردار احسن طریقے سے نبھائے۔ انہوں نے نواز شریف کی سیاسی اور جلاوطنی کے دور میں وفاداری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ تقریب سے قاضی اسحاق میمن، ریاض راٹھور، محمد اصغر قریشی، حنیف بابر، سردار شعیب صدیقی، رانا خالد ، خادم بجاڑ، زاہد لطیف سندھو، اقبال ودود، فیصل علوی، احسن عباسی، وسیم ساجد ، یونس ابو غالب ، امتیاز احمد اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ جمہوریت کیلئے سیاسی جدوجہد جاری رکھنے ، مسلم لیگ کو مضبوط بنانے اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے شاندار خدمات پر کلثوم نواز کو سلام پیش کرتے ہیں اور انکی مغفرت کیلئے دعا گو ہیں۔مکہ مکرمہ سے محمد عثمانی کے مطابق کشمیر کمیٹی جدہ کے صدر مسعود احمد پوری نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز حوصلہ مند اور باوقار خاتون تھیں۔ انہوں نے بیماری کا مقابلہ جس صبر سے کیا اس پر بھی انہیں یاد رکھا جائیگا۔ انہوں نے اپنی اور کشمیر کمیٹی کے تمام کارکنان کی جانب سے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر خاندان سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کلثوم نواز کے ساتھ رحمت کا معاملہ فرمائے۔