Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خام تیل کی قیمت بڑھنے کے باوجود سعودی اسٹاک مارکیٹ میں مندی

پرائس انڈکس میں 97.11پوائنٹس کی کمی، سرمایہ کاروں کو 17.8ارب ریال کا نقصان
غیاث الدین ۔ جدہ
امریکہ کی ایران پر معاشی پابندیوں کی وجہ سے ایران کی تیل کی برآمدات میں کمی ہوگئی ہے جس سے بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی طلب و رسد میں نمایاں فرق ہوگیا ہے جس سے تیل کی قیمتوںمیں اضافہ ہوگیا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے میں خام تیل کی قیمت 2.4فیصد اضافے کے بعد 70ڈالر فی بیرل سے زیادہ پر جاتی ہوئی دیکھی گئی۔ تیل کی قیمت بڑھنے کے باوجود سعودی اسٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 240پوائنٹس کے مدوجزر کے بعد 97.11پوائنٹس کی کمی کے بعد 7590.65پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروبار کی رفتار بھی سست رہی جس کی وجہ سے سارے اشاریئے منفی زون پر بند ہوئے۔ پرائس انڈیکس میں 2.6فیصد کی کمی دیکھی گئی جبکہ سودوں اور حجم میں باالترتیب14.52فیصد اور 24.1فیصد کی کمی دیکھی گئی۔ کاروباری مالیت 24.6فیصد انحطاط کے بعد 10.8ارب ریال رہ گئی۔ قیمتوں میں کمی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو 17.8ارب ریال کا نقصان ہوا۔ ہیوی ویٹ سابک کی قیمت 0.51فیصد کمی کے بعد 117.60ریال پر اور الراجحی بینک کی قدر 0.35فیصد انحطاط کے بعد 83ریال پر بند ہوئی۔ نقصان کے لحاظ سے سعودی کیبل کمپنی ٹاپ پر رہی۔ جس کی پرائس 11.51فیصد کمی کے بعد23.14ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ سعودی بجٹ کار کی قدر 8.65فیصد انحطاط کے بعد 20.30ریال تک گر گئی۔ عریبین سیمنٹ کی قیمت 7.06فیصد کمی کے بعد19.30ریال پر بند ہوئی۔ فائدے کے لحاظ سے العالمیہ انشورنس کو فوقیت حاصل رہی جس کی قیمت 13.63فیصد اضافے کے بعد 37.10ریال تک بڑھ گئی جبکہ میڈ گلف انشورنس کی قدر 12.61فیصد اضافے کے بعد14.82ریال تک پہنچ گئی۔ سعودی کیمیکل کمپنی نے 12.5فیصد کیش ڈیویڈنڈ دینے کا اعلان کیا ہے اور اسکی قیمت 1.88فیصد اضافے کے بعد 32.50ریال پر بند ہوئی۔

شیئر: