رونالڈو نے نئی کلب یوونٹس کو فتح دلادی، 400گول مکمل
تورین،اٹلی: پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے نئے اطالوی کلب یوونٹس کی جانب سے گول کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلادی۔ رونالڈو نے لیگ میچوں میں400گول کرنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔رونالڈو جو چیمپیئنز لیگ کے فاتح ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ کو چھوڑ کر یوونٹس کا حصہ بنے تھا اپنے گزشتہ 3میچوں میں کلب کیلئے گول کرنے میں ناکام رہے تھے۔ سیریز اے کے میچ میں انہوں نے پہلا گول کیا اور ساسولو کلب پر برتری قائم کر دی جبکہ دوسرا گول کر کے برتری دگنی کردی جو فتح کا سبب بنی ۔ رونالڈو نے گزشتہ فٹبال سیزن کے اختتام پر رئیل میڈرڈ کو خیر باد کہا تھا اور 100ملین پونڈ سے زائد فیس کے عوض اطالوی کلب منتقل ہو گئے تھے۔ ساسولو کے خلاف ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے دوران رونالڈو نے پہلا گول دوسرے ہاف کے ابتدائی منٹوں میں اس وقت اسکور کیا جب حریف کھلاڑی ایک کارنر کک کو صحیح طریقے سے کلیئر کرنے میں ناکام رہے جس کا فائدہ اٹھا کر رونالڈو نے گیند کو جال میں پھینک دیا اور یوونٹس کیلئے پہلے گول کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ صرف 15منٹ بعد رونالڈو کو ایک اور موقع ملا ، انہوں نے کوئی غلطی نہیں کی اور ٹیم کا دوسرا گول کردیا۔ ساسولو کی ٹیم میچ کے انجری ٹائم میں ایک گول کرکے خسارہ کم کرنے میں کامیاب رہی لیکن شکست سے نہ بچ سکی ۔ رونالڈو نے جب اس میچ میں اپنا دوسرا گول کیا تو یہ لیگ مقابلوں میں ان کا 400واں گول بھی تھا۔ سپر اسٹار فٹبالر نے اس سے پہلے 3کلبز کی نمائندگی کرتے ہوئے398 گول کئے تھے۔ ان میں 311 گول رئیل میڈرڈ، 84مانچسٹر یونائیٹڈ اور3 پرتگالی کلب اسپورٹنگ لزبن کی جانب سے اسکور کئے گئے تھے ۔ رونالڈو نے اطالوی کلب کیلئے یکے بعد دیگرے2گول کرکے 400لیگ گول کے ساتھ ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس گروپ" جوائن کریں