آرمی چیف کی چینی ہم منصب سے ملاقات
راولپنڈی... آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی ہم منصب نے ملاقات کی ۔ خطے کی سیکیورٹی، پاک، چین اقتصادی راہداری اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دورہ چین کے دوران پیپلز لبریشن آرمی چین کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ چینی مسلح افواج کے سربراہ جنرل ہان ویگو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پیپلز لبریشن آرمی چین کے سربراہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاک فوج نے بے پناہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پاک فوج کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے تجربے سے استفادے کا خواہاں ہے۔ سی پیک کے لئے بھی پاک فوج کی سیکیورٹی کا معیار قابل تعریف ہے۔ چینی آرمی چیف نے دو طرفہ تعاون کے مزید فروغ کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ آرمی چیف نے کہاکہ دونوں ممالک کی مسلح افواج میں تعاون بڑھایا جا سکتا ہے ۔ آرمی چیف منگل کو وائس چیئر مین سنٹرل ملٹری کمیشن سے ملاقات کریں گے۔