مودی نے وارانسی ریلوے اسٹیشن کااچانک دورہ کرکےلوگوں کوچونکا دیا
وارانسی۔۔۔۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پارلیمانی حلقہ بنارس میں رات گئے شہری علاقے میں واقع منڈواڈیہہ ریلوے اسٹیشن کا اچانک معائنہ کر کےسب کو چونکا دیا۔ ان کاقافلہ رات10بجے اسٹیشن کے احاطے میں داخل ہوا تو انہیں دیکھ کر مسافر اور افسران گھبراگئے۔ انہیں وزیر اعظم کو یہاںآنے کا یقین نہیں تھا۔وزیر اعظم اسٹیشن پہنچے اور اپنی گاڑی سے اترکر پلیٹ فارم نمبر ایک پرگئےاورمسافروں کوفراہم کردہ سہولتوںکا جائزہ لیا۔ریلوے حکام سے زیر تعمیر ترقیاتی کاموں کے بارے معلومات حاصل کیں اور تقریباً 10 منٹ بعد ڈیزل انجن ریلوے فیکٹری (ڈيریكا) گیسٹ ہاؤس کے لئے روانہ ہو گئے۔وزیر اعظم کے ساتھ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر مہندر ناتھ پانڈے بھی موجود تھے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اگلے سال 21-23 جنوری کو وارانسی میں مجوزہ 15 ویں غیر مقیم ہندوستانیوں کی کانفرنس کے دوران آنے والے ہزاروں غیر ملکی مہمان بڑی تعداد میں اسی اسٹیشن سے الہ آباد میں منعقد کمبھہ میلہ دیکھنے جا سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم ضروری انتظامات خود دیکھنا چاہتے تھے۔ وہ اس کانفرنس کے تئیں انتہائی سنجیدہ ہیں اور مہمانوں کے استقبال کی تیاریوں کے لئے خود اقدامات کررہے ہیں۔ گزشتہ دورے کے دوران انہوں نے کانفرنس کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں سے دل کھول کر مہمانوں کا استقبال کرنے کی اپیل کی تھی۔