اسلام آباد... مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ نوازشریف کی سزا انہیں الیکشن سے باہر کرنا اور عمران کی جیت کے لئے راہ ہموار کرنا تھی۔تمام مقدمات میں نوازشریف، مریم نواز اور صفدر سرخروہونگے۔ عدالتی فیصلے کے بعد رد عمل میں شہباز شریف نے قرآن کی آیت کا ترجمہ ٹوئٹ کیا۔ کہہ دو کہ حق آیا اور باطل مٹ گیا۔بے شک باطل مٹنے ہی والا تھا ۔ سابق وزیر داخلہ اور ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ انتقام پر مبنی فیصلہ معطل ہوا ہے۔ اس ٹرائل میں اگر پاکستان میں اندھا شخص تھا اسے نظر آگیا ان مقدمات میں آئین ہے اور نہ قانون۔اس میں صرف انتقام اور پری پول دھاندلی تھی جس کا مقصد نواز شریف کو انتخابی میدان سے باہر نکال کر عمران خان کی جعلی کامیابی کے لئے راہ ہموار کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر پاکستان کے عوام اور مسلم لیگ (ن)کے کارکنان کو مبارکباد دیتا ہوں۔احسن اقبال نے کہاکہ یہ نان پی سی او انصاف کی ایک جھلک ہے۔ سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہاکہ عدالتی فیصلے پر اللہ تعالی کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔ آج انصاف کی فتح ہوئی ہے۔ نواز شریف کے چاہنے والوں کو مبارکباد دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام مقدمات میں نوازشریف، مریم نواز اور صفدر سرخروں ہوں گے اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔