Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی بھر پور مدد کرینگے،سعودی عرب کی یقین دہانی

  اسلام آباد...پاکستان اور سعودی عرب نے اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جو مشترکہ مذہب، ثقافت ، اقداراور علاقائی اور عالمی امن و سیکیورٹی کے لئے کوششوں پر مبنی ہیں۔دفترخارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے اعلامیہ جاری کیا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے طریقوں ،علاقائی سیاسی اور سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ سیاسی، دفاعی، اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے، ان میں ترقی کے لئے مشترکہ منصوبے قائم کرنے،انسانی وسائل کے شعبے میں اشتراک عمل کو مضبوط کرنے اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل حل کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے امن وسلامتی کو فروغ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیاگیا۔عمران خان نے سعودی قیادت کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں اور قربانیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کے کردار پر روشنی ڈالی۔سعودی قیادت نے کامیابی کے ساتھ جمہوری طورپر انتقال اقتدار پرپاکستان کو مبارکباد دی اور اپنے ملک کو اسلامی سماجی اقتصادی اصولوں کی بنیاد پر فلاحی ریاست بنانے کے وزیراعظم کے وژن کی تعریف کی۔سعودی قیادت نے پاکستان کی بھرپور مدد کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ عمران خان نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کا ذکرکرتے ہوئے اسلامی ممالک کی طرف سے یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں بھرپور انداز میں اٹھایا جائے۔
 

شیئر: