اسلام آباد.... اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) نے 25 ستمبر 2018 ء کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اپنے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کیلئے سالانہ رابطہ اجلاس کے ساتھ مسلم امہ کو درپیش مسائل اور پیش رفتوں سے متعلق رابطہ گروپوں کے اجلاس کے انعقادکی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ او آئی سی کے سربراہ ڈاکٹر یوسف العثیمین اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے نیو یارک جا ئینگے۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے ایجنڈے میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران سربراہان مملکت، رکن اور غیر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور دیگرسینیئر حکام کے علاوہ بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں شامل ہیں۔العثیمین کی یمن، شام اور ساحل ریجن سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت بھی متوقع ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا سالانہ رابطہ اجلاس 28 ستمبر کو منعقد ہو گا۔ اجلاس کے دوران مسلم دنیا میں ہونے والی پیش رفتوں، بالخصوص فلسطین کے مسئلہ پر تشویش اور دہشت گردی اور اسلامو فوبیا دنیا میں مسلم کمیونٹی کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔او آئی سی وزرائے خارجہ کی سطح پر فلسطین، جموں و کشمیر،یمن، آذربائیجان کے خلاف آرمینیا کی جارحیت، مالے، سرا لیون، روہنگیا، بوسنیا اور ہرزیگووینا سمیت یورپ میں مسلمانوں سے متعلق رابطہ گروپوں کے اجلاس اور ثالثی کے دوستوں کا پہلا اجلاس بھی ہوگا۔او آئی سی سعودی عرب کے تعاون سے میانمار کی روہنگیاکی اقلیت کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی تقریب کا بھی اہتمام کر رہی ہے۔