”چوہدراہٹ “ کی لڑائی 11شیر اور شیرنیاں ہلاک
گاندھی نگر ... گجرات کے محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ صرف 8دن میں 11شیر اور شیرنیوں کی موت آپس کی لڑائی کا نتیجہ تھی کیونکہ ان میں سے ہر ایک اپنی” چوہدراہٹ “ قائم کرنے کے لئے لڑ رہا تھا۔ حکام نے کہا کہ ان لڑائی کے واقعات میں کئی شیر زخمی بھی ہوئے اور پھر وہ کسی جگہ جاکر چھپ گئے جہاں انہیں خوراک نہ مل سکی اور یوں بھوک کے مارے بھی مر گئے۔ گجرات کے علاقے ”گر“ ڈویژن میں 6شیر جن میں تین شیرنیاں اور 2شیر شامل ہیں، مردہ پائے گئے تھے۔ یہ سارے واقعات 12 اور 19ستمبر کے درمیان ہوئے۔ واضح رہے کہ ان شیرو ںکے مرنے کے بعد کہا جارہا تھا کہ انہیں یا تو زہر دیکر مارا گیا یا پھرکسی نامعلوم بیماری نے انہیں گھیر لیا ہے تاہم گجرات فاریسٹ فورس کے سربراہ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ شیروں کے گروپ آپس میں لڑے اورایک شیر اور دو شیرنیاں بھوک کے مارے مرے۔ ان کے پھیپھڑے اور جگر ناکارہ ہوگئے تھے اور یوں وہ موت کے منہ میں جاگرے۔ انہوں نے مزید لڑائی سے بچنے کیلئے خود کو ایک جگہ چھپا لیا تھا۔ ادھر خود محکمہ جنگلات میں ان کے بیان پر شک و شبہ کیا جارہا ہے۔ خاص طور پر شیرنیوں کی موت کے بارے میں زیادہ شکوک و شبہات ہیں۔ ایک اعلیٰ افسر نے کہا کہ شیرنیوں کا اس لڑائی میں کوئی کردار نہیں تھا اور انہوں نے خود کو لڑائی سے دور رکھا تھا۔