Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسقط: چوہدری محمد اسلم کے اعزاز میں پر وقار تقریب

مروت احمد۔ مسقط
 
سلطنت عمان میں مقیم ممتاز پاکستانی صنعت کار، چوہدری محمد اسلم کی مقامی پاکستانی کمیونٹی کے لیے پچھلے4 عشروں پر پھیلی نمایاں اور مثالی علمی و ادبی اور اور سماجی و ثقافتی خدمات کے اعتراف میں پاکستان سوشل کلب عمان کی جانب سے ان کے اعزاز میں مسقط کے ایک ہوٹل میں پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس کے مہمانان اعزازی سرکردہ پاکستانی بزنس مین، شاہد بشیر، محمد یاسین بھٹی،  میاں محمد ریاض اور عمانی تاجر محمد پرویز ابو ہارون تھے جبکہ کلب کے چیئرمین میاں محمد منیر اور دیگر ڈائریکٹر بھی کئی اہم پاکستانی شخصیات کے ساتھ تقریب میں موجود تھے۔
 حافظ نعیم خالد نے تلاوت قرآن کریم سے کاروائی کا آغاز کیا۔چودھری محمد افضل نے حمد، غلام مرتضیٰ قادری نے سلام اور محمد عمران خضر نے اشعار پیش کئے۔ تقریب کے روح رواں، کلب کے ڈائریکٹر تقریبات اور معروف شاعر قمر ریاض،  بزنس مین، محسن شیخ، کلب کے  وائس چیئرمین، شبیر احمد ندیم اور سابق چیئرمین،  اخمت حیات راجہ نے اپنی تقاریر میں مہمان خصوصی، چودھری محمد اسلم کو ایک دردمند، صاحب دل اہل ثروت اور علم دوست شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سلطنت عمان میں مقیم ہم وطنوں کے لیے فروغ تعلیم اور فلاح بہبود کے حوالے سے ایک بے لوث اور مخلص اعزازی سرپرست کے طور پر ان کا نام سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ مقررین نے پاکستان اسکول کے قیام سے لے کر اسے ایک وسیع قطعہ اراضی  پر ایک پرشکوہ عمارت، جس میں اس وقت سیکڑوں پاکستانی طلباوطالبات زیر تعلیم ہیں، میں منتقل کرنے کے طویل اور کٹھن سفر کو کامیاب کامیابی سے ہمکنار کرنے میں چودھری محمد اسلم کی تعلیم سے گہری لگن پختہ عزم اور انتھک تگ و دو کی بھی ستائش کی۔ راقم الحروف مروّت احمد نے موصوف کو منظوم خراج تحسین پیش کیا۔ علاوہ ازیں کلب کے چیئرمین محمد منیر نے نشان کمال کے طور پر دوشیلڈیں پیش کرکے ان کی پزیرائی کی۔ آخر میں چوہدری محمد اسلم کے اظہار تشکر کے بعد مہمانوں نے ظہرانے میں شرکت کی۔ تقریب کی انتظامی معاونت چودھری محمد عبّاس اور کاشف احمد زعیم نے کی۔ 
 

شیئر: