پاک،امریکہ تعاون میں دونوں کا فائدہ
واشنگٹن ...وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کو اقتصادی طور پر مستحکم کرنے کے عمل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ واشنگٹن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تعمیری کردار کا اعتراف کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلاامتیاز اور سیاسی انتقام سے پاک احتساب پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ متوازن تعلقات چاہتا ہے۔ ماضی میں جب بھی امریکہ اور پاکستان نے تعاون کیا تو اس کا دونوں کو فائدہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہند کو پیشکش کی تھی کہ اگر وہ قیام امن کے لئے ایک قدم بڑھائے گا تو پاکستان دو قدم بڑھائے گا۔ نئی دہلی وزرائے خارجہ ملاقات پر راضی ہواتھا، آمادگی کے بعد ملاقات منسوخی سمجھ سے بالاتر ہے۔ہندوستانی ہم منصب سے تعلقات میں بہتری کے لئے ملاقات کرناچا ہتے تھے لیکن ہندوستانی وزارت خار جہ کا رویہ افسوسناک ہے۔