لندن .... گنج پن ایک ایسی بیماری ہے جس کے لئے آئے دن کہیں نہ کہیں کوئی نیا علاج ڈھونڈا جاتا ہے اور اسکی تشہیر کی جاتی ہے۔ کچھ دنوں تک یہ چیز چرچے میں رہتی ہے اور پھر اسکی اثر آفرینی کم ہونے لگتی ہے۔ جس کے بعد سے اس کے بارے میں خبریں بھی معدوم ہوتی جاتی ہیںاور یہ سلسلہ دنیا کے مختلف ممالک کی طرح برطانیہ میں بھی جاری ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایک ایسا سرپوش تیار کرلیا گیا ہے جس کے استعمال سے گنج پن ختم ہوجاتا ہے اور بال دوبارہ اگنا شروع ہوجاتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق چوہوں پر اسکا تجربہ کامیاب ثابت ہوا ہے اور اسکی بنیاد پر سائنسدان یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ نیا سرپوش جس میں 900کے قریب مائیکرو لیزر لگے ہوئے ہیں ناممکن کو ممکن کر دکھاسکتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ گنجے افراد کم از کم 20دن تک روزانہ 15منٹ اس سرپوش کو استعمال کریں۔ حیرت انگیز سرپوش تیار کرنیوالوں کا یہ دعویٰ بھی ہے کہ اس طریقہ علاج کو موجودہ لیزر ٹریٹمنٹ سے زیادہ عملی یا قابل عمل قرار دیا جاسکتا ہے اور یہ مروجہ طریقوں کی نسبت کافی سستا بھی ہے۔ اس کے اندر لگے لیزر بازار میں موجود لیزر کے مقابلے میں ایک ہزار گنا کم برقیاتی لہریں استعمال کرتا ہے۔یہ سرپوش جنوبی کوریا کے سائنسدانوں نے تیار کیا ہے۔