Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منی بجٹ عوام دشمن

اسلام آباد... مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس پارلیمنٹ ہاوس میں پارٹی صدر قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیرصدارت ہوا۔ پارلیمانی پارٹی اجلاس نے حکومت کے پیش کردہ منی بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے اسے مکمل طورپر مسترد کردیا۔ اجلاس نے کہاکہ عوام کو سہانے خواب دکھانے والی پی ٹی آئی ڈراونا خواب بنتی جارہی ہے۔ گیس، بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام بالخصوص غریبوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ عوام کے حقوق کے لئے مسلم لیگ (ن) پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ پارلیمانی پارٹی نے ہندوستانی آرمی چیف کے بیان کو امن دشمن، غیرذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی اور اس عزم کا اظہارکیا کہ مادروطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کے لئے پوری قوم متحد اور یک زبان ہے۔ اجلاس میں لوکل باڈیزکے موجودہ نظام کے تحفظ کا اعلان کرتے ہوئے فیصلہ کیاگیا کہ بلدیاتی نظام پر حکومتی حملے کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ بلدیاتی اداروں اور ان کے نمائندوں کے حقوق کی ہر سطح پر بھرپور حمایت اورتحفظ کریں گے۔ اجلاس میں کہاگیا کہ پی ٹی آئی کا ایک اور یوٹرن قوم نے دیکھ لیا۔الیکشن سے پہلے جو پروٹوکول ’حرام‘ تھا۔ اب ’حلال‘ ہوچکا ہے۔ کراچی میں صدرمملکت کے پروٹوکول پر شہری پر تشدد اور گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ اس شہری کو فی الفور رہا کیاجائے۔ دریں اثناء اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ برسوں عوام کی غربت کا رونا رویا گیا اور عوام پر منی بجٹ کا بم گرایا گیا۔پارلیمنٹ میں ضمنی بجٹ پر بحث کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منی بجٹ میں 183 ارب کے نئے ٹیکس لگائے گئے۔ متوسط طبقے کے لئے گیس کی قیمت بڑھا دی گئی۔ گیس کی قیمت میں 57 فیصد اضافے سے بجلی کی قیمت بھی بڑھے گی۔ اسد عمر پڑھے لکھے وزیرخزانہ ہیں۔ ان سے توقع نہیں تھی کہ وہ ایسا عوام دشمن بجٹ لائیں گے۔ آپ اشرافیہ کے لئے قیمتیں بڑھادیں کوئی اختلاف نہیں کرے گا لیکن غریب عوام پر ٹیکس بڑھانا ان کے بچوں پر ظلم کی بات ہے۔

شیئر: