تحفظات پورے کریں گے‘ مشرف وطن واپس آئیں‘ سپریم کورٹ
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے این آر او کیس کی سماعت کے دوران کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف جو یقین دہانیاں چاہتے ہیں وہ انہیں دی جائیں گی۔ ذائع کے مطابق سماعت کے دوران پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے موقف اختیار کیا کہ سابق صدر وطن واپس آنا چاہتے ہیں تاہم انہیں سیکورٹی، علاج اور رہائش سے متعلق مسائل کا سامنا ہے۔
چیف جسٹس نے اس موقع پر ریمارکس دیے کہ پرویز مشرف کو واپسی کے لیے جویقین دہانیاں چاہییں ہم دیں گے، سب سے بڑے اسپتال سے علاج بھی کرائیں گے، ڈی جی رینجرز پرویز مشرف کو سیکورٹی بھی فراہم کردیں گے، اگر چاہیں تو ان کی سیکورٹی کے لیے پوری بریگیڈ لگوادیں گے، جس دن انہیں پاکستان آنا ہوگا ان کا فارم ہاؤس کھول کر صاف بھی کروادیں گے، ان سے اثاثوں کا بھی نہیں پوچھیں گے۔ انہیں سفری اخراجات یا جیب خرچ کے لیے رقم چاہیے تو اس کا بندوبست بھی کر دیں گے۔
چیف جسٹس کے ریمارکس کے بعد اختر شاہ نے پرویز مشرف کی واپسی سے متعلق فیصلے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت مانگ لی ہے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ نے ایک ہفتے کی مہلت مانگی ہے ہم وہ بھی دے دیتے ہیں۔ پرویز مشرف سے متعلق کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے ہوگی۔