ایشیا کپ سپر 4: ہند افغان سنسنی خیز میچ ٹائی ہو گیا
دبئی : ایشیا کپ کے سپر4 مرحلے میں ہند اور افغانستان کے درمیان میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہوگیا۔ افغانستان نے اوپنر محمد شہزاد کی شاندار سنچری کی بدولت 252 رنز بنائے ۔ ہند کی ٹیم 49.5اوورز میں252رنز بناکر آل آوٹ ہوگئی ۔ اس طرح یہ میچ ٹائی ہوگیا۔ روہت شرما اور شیکھر دھون نے آرام کا فیصلہ کیا اور میچ میں شامل نہیں تھے اورمہندر سنگھ دھونی ہند کی ٹیم کی کپتانی کررہے تھے۔اوپنر ز لوکیش راہل اور امباتی رائیڈو کی 110 رنز کی شراکت نے ہند کی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا ،دونوں نے نصف سنچریاں بناتے ہوئے بالترتیب 60 اور 57 رنز بنائے۔تاہم افغانستان نے آخر دم تک میچ پر گرفت کمزور نہیں پڑنے دی ۔ ہند ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے اور پہلے ہی فائنل کوالیفائی کرچکا ہے جبکہ افغانستان سپر فور کے ابتدائی دو میچوں میں شکست کے بعد فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔ افغان بولر ز نے اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا لیکن ہندوستانی بیٹسمینوں کو ہدف حاصل کرنے سے روکنے میں ناکام رہے۔ قبل ازیں افغان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔افغان اوپنر نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور جاوید احمدی کے ہمراہ ٹیم کو 65رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا جس میں جاوید کا حصہ محض 5رنز تھا۔تاہم اس موقع پر ہندوستانی اسپنرز نے بڑے ہدف کی جانب گامزن افغانستان کی ٹیم کی یکے بعد دیگرے 4وکٹیں لے کر انہیں مشکلات سے دوچار کردیا۔جاوید احمدی 5 اور رحمت شاہ 3 رنز بنا کر جڈیجا کی وکٹ بنے جبکہ کلدیپ یادو نے لگاتار گیندوں پر حشمت اللہ شاہدی اور اصغر کو پویلین کی راہ دکھائی ۔82رنز پر 4وکٹیں گرنے کے بعد شہزاد کا ساتھ دینے گلبدین نائب آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 50رنز کی شراکت قائم کی جبکہ اس دوران شہزاد نے اپنی ریکارڈ ساز سنچری بھی مکمل کر لی۔ 132 کے اسکور پر گلبدین کو آوٹ ،شہزاد نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور محمد نبی کے ساتھ مل کر اسکور کو 180تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ ٹیم کی بڑے اسکور کی راہ بھی ہموار کی۔محمد شہزاد 124 رنز بناکر آوٹ ہوئے ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 11چوکے شامل تھے۔ شہزاد کے آوٹ ہونے کے بعد محمد نبی نے ذمہ داری سنبھالی اور نجیب اللہ زدران کے ہمراہ اسکور کو 226 تک پہنچا دیا، وہ چار چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 64رنز بنانے کے بعد آوٹ ہوئے۔اختتامی اوورز میں افغانستان کی ٹیم زیادہ تیز رفتاری سے رنز نہ بنا سکی اور مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 252رنز بنا سکی۔ہند کی جانب سے رویندرا جڈیجا 3وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ کلدیپ یادو نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں