نئے پاکستان میں کنٹرولڈ جمہوریت تو نہیں،بلاول
اسلام آباد...چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیلیکٹڈ حکومت غلط فیصلوں سے ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہے۔عوام سوال کر رہے ہیں کہ نئے پاکستان میں بھی کنٹرولڈ جمہوریت تو نہیں؟اسلام آباد میں نوابزادہ نصراللہ خان کی یاد میںتقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی پر ہمارا مطالبہ تھا کہ دونوں ایوانوں پرمشتمل پارلیمانی کمیشن بنایا جائے لیکن کمیشن کے بجائے پارلیمانی کمیٹی بنادی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک سلیکٹڈ حکومت کے حوالے کیا جا چکا۔ تحریک انصاف کے ناتجربہ کار حکمران ملک کو تباہی کی طرف لے کر جارہے ہیں۔ ملک چندوں سے نہیں چل سکتا۔ یوٹیلیٹی اسٹورتک بند کئے جا رہے ہیں۔عام استعمال کی چیزوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔بلاول نے کہا کہ اقوام متحدہ نے طویل عرصے بعد کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر رپورٹ تیار کی۔ وزیراعظم نے خود اقوام متحدہ جانے کے بجائے وزیر خارجہ کو بھیج دیا۔ عمران خان جواب دیں کہ مسئلہ کشمیر اٹھا نے کے لئے وہ خود کیوں نہیں گئے۔ صرف سوشل میڈیا پر خارجہ پالیسی کے بیان جاری ہو رہے ہیں۔خدارا خارجہ پالیسی جیسے اہم شعبے کو مذاق نہ بنایا جائے۔بلاول نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے ایسے حالات پیدا کر دئیے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مشکلات مزید بڑھتی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری نے تمام کیسز میں اپنی بے گناہی ثابت کی لیکن آج بھی سابق صدر کے خلاف مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔