Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپریم کورٹ: امل ہلاکت کیس کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل

اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران بچی کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے جسٹس (ر) خلجی عارف حسین کی زیر سربراہی کمیٹی تشکیل دے کر 2 ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ اسلام آباد میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی زیر سربراہی 3 رکنی بنچ نے 10 سالہ امل کی ہلاکت کے از خود نوٹس کی سماعت کی۔ دوران سماعت نجی اسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے ہلاک بچی کے والدین کے موقف کو مسترد کیا اور کہا کہ ہم بچی کا علاج کررہے تھے تاہم والدین کی اپنی خواہش تھی کہ وہ بچی کو دوسرے اسپتال لے جانا چاہتے تھے۔ اس موقع پر والدین نے اسپتال انتظامیہ کی رپورٹ کو جھوٹ قرار دیا اور امل کے والد نے عدالت کو بتایا کہ اسپتال انتظامیہ خود ہمیں بچی کو کسی دوسرے اسپتال لے جانے کا کہہ رہی تھی۔ ہم نے اسپتال انتظامیہ سے کہا کہ اپنا عملہ اور مصنوعی تنفس کا سامان بھی ساتھ دیں۔ بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے جسٹس ریٹائرڈ خلجی عارف حسین کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے 2 ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔ کمیٹی میں سابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، ڈسٹرکٹ بار کا نمائندہ اور ایک ڈاکٹر بھی شامل ہوں گے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ میں کسی ایک حکومت کی بات نہیں کرتا لیکن آج تک اسپتالوں کی حالت زار ایسی ہی ہے۔ کمیٹی کی سفارشات کے بعداسپتالوں،پولیس اصلاحات کے لیے ضروری حکم جاری کریں گے۔ کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں بعد ہوگی۔
 
 

شیئر: