100بڑے ڈیفالٹرز کیخلاف کریک ڈاون
جمعرات 27 ستمبر 2018 3:00
اسلام آباد... وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کابینہ اجلاس میں افغانیوں کوشہریت دینے سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔ اس کے لئے پالیسی بنائی جائے گی۔ کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8لاکھ79ہزار 198افغان مہاجرین کے پاس کارڈ ہیں۔25لاکھ افغان مہاجرین پاکستان میں ہیں۔ تقریباً 2 ملین رجسٹرڈ ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایف بی آر کے 100بڑے ڈیفالٹرز کیخلاف بڑا آپریشن کیا جائے گا۔زمینوں سے قبضہ چھڑانے کی مہم کراچی سے بڑے پیمانے شروع کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزراءپرزور دیا کہ لوگوں کی زندگیوں سے مسائل ختم کرنے ہیں۔وزراء خود سفارشات کوخاطر میں لیں اور نہ مجھے کوئی سفارش کریں۔ وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ پچھلی حکومت نے گردشی قرضوں کی شکل میں ایٹم بم چھوڑاہے ۔ ماضی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کونہیں دیا گیا۔ بجلی کی ترسیل کے نظام پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔جس سے پیدا کی گئی بجلی کا کوئی فائدہ نہیں ہوا ۔اس وقت ترسیل کا نظام تباہی کے دہانے پر ہے ۔توانائی سیکٹر کے گردشی قرضوں کاحجم اس وقت 640ارب تک جبکہ ملکی قرضوں کاحجم 28ہزار ارب تک پہنچ چکا ۔ گیس کے شعبے میں 150ارب کا قرضہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کومسائل ورثے میں ملے ہیں۔