وزیر اعظم ہاوس کی بھینسیں کس نے خریدیں؟
اسلام آباد... وزیراعظم ہاوس میں موجود قیمتی گاڑیوں کے بعد 8 بھینسیں بھی23 لاکھ2 ہزار میں نیلام کردی گئیں 2 بھینسیں اور 2 کٹیاں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے خریدیں۔خریداروں سے نقد رقم وصول کر کے بھینسیں حوالے کردی گئیں۔ایک کٹی 2 لاکھ 15 ہزار اور دوسری 2 لاکھ 70 ہزار میں نیلام ہوئی۔ دونوں کٹیاں مسلم لیگ (ن) کے کارکن فخر وڑائچ نے خریدیں، تیسری کٹی ایک لاکھ 82 ہزار میں تلہ گنگ کے شہری نے خریدی۔مسلم لیگ (ن) کے2و کارکنان نے2 بھینسیں بالترتیب 3 لاکھ اور 3 لاکھ 30 ہزار روپے میں خریدیں۔خریدار حاجی امداد علی نے کہا کہ بھینس نواز شریف کی نشانی ہے جسے وہ اپنے ڈیرے پر رکھے گا۔بھینسوں کی نیلامی کے دوران خریداروں اور وزیراعظم ہاوس کے عملے کے درمیان بولی پر نوک جھوک بھی ہوئی۔خریداروں نے شکوہ کیا کہ بھینسوں کی اتنی قیمت نہیں جتنی لگائی جارہی ہے جس پر وزیراعظم ہاوس کے عملے نے کہا یہ اوپن بولی ہے جس نے بھینسیں لینی ہیں لے ورنہ واپس چلا جائے۔ خریدار کو نقد رقم بھی ادا کرنا ہوگی۔ وزیراعظم ہاوس میں موجود 8 بھینسیں سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے رکھی تھیں ۔