شاہ اردن سے آرمی چیف کی ملاقات
راولپنڈی...آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ 3 روزہ سرکاری دورے پر اردن پہنچ گئے۔ اردن کے شاہ عبداللہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور اردن کے شاہ کے درمیان ملاقات میں سیکیورٹی صورتحال، پاک، اردن تعلقات ، دفاعی پیداوار اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرآرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اردن کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ اردن کی جانب سے دفاع تعلیم اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کی خواہش کے اظہار پر آرمی چیف نے یقین دہانی کرائی کہ اردن کی جانب سے مثبت پیش رفت کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ آرمی چیف نے اردن کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمود الحلیم سے بھی ملاقات کی ۔ آرمی چیف نے اردن کی مسلح افواج کے سربراہ کو مشترکہ مشقوں اور دفاعی تعلقات میں تعاون کی پیشکش کی۔ جنرل محمود عبدالحلیم نے کہا کہ اردن پاکستان کو قابل اعتبار شراکت دار سمجھتا ہے۔ پاکستان کیساتھ تعلقات مزید وسعت چاہتے ہیں۔ آرمی چیف کوان کی شاندار خدمات پر اعلیٰ اعزاز آرڈر آف ملٹری میرٹ سے بھی نوازا گیا۔