اہل بیروزگار نوجوانوں کیلئے ماہانہ ہزار روپے الاؤنس کا اعلان
حیدرآباد۔۔۔۔۔۔آندھراپردیش کے وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے ریاست کے اہل بے روزگار نوجوانوں کے لئے ماہانہ ایک ہزار روپے کے الاؤنس کی اسکیم کا گاندھی جینتی کے موقع پر آغاز کیا۔اس اسکیم کو ’’مکھیہ منتری یوو ا نیسٹم ‘‘(وزیراعلیٰ نوجوانوں کے دوست ) کا نام دیاگیا ہے۔ ریاست کے دارالحکومت امراوتی کے پرجا وید ہال میں منعقدہ تقریب میں انہوںنے اس اسکیم کاآغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے 13اضلاع کے تقریباً400استفادہ کنندگان سے بات چیت بھی کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چندرابابونائیڈو نے کہا کہ ملک میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے۔انہوں نے کہاکہ خواہشمند اہل نوجوان آن لائن اپنا اندراج کرواتے ہیں تو حکام ان کے اسناد کی جانچ کریں گے جس کے بعد ان کو اس اسکیم میں شامل کیاجائے گا۔اس اسکیم کے لئے تاحال 6.15لاکھ نوجوانوں نے اپنا اندراج کروایا جبکہ جانچ کے بعد 2.15لاکھ اس اسکیم کے لئے اہل قرارپائے۔ بعض نوجوانوں کے بینک کھاتوں میں گزشتہ روز ہی یہ رقم جمع کروادی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ آندھراپردیش کو انصاف دلانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ۔انہوں نے کہاکہ تلگودیشم ہی واحد پارٹی ہے جس نے این ڈی اے کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی ہے۔ واضح رہے کہ اس اسکیم کا مقصد تعلیم یافتہ اور بے روزگارنوجوانوں کے لئے مالیاتی سلامتی کی فراہمی ہے ۔2014ء کے انتخابات میں تلگودیشم پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں یہ وعدہ کیاتھا۔وزیراعلیٰ کے پروگرام کے ساتھ ساتھ مقامی وزرا، ارکان اسمبلی نے بھی ریاست کے 175اسمبلی حلقوں میں منعقدہ تقریب کے دوران بے روزگارنوجوانوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے ۔اس اسکیم سے سالانہ ریاستی حکومت پر 1200کروڑ روپے کا بوجھ عائد ہوگا۔ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو نوجوانوں کے بینک کھاتوں میں یہ رقم جمع کروادی جائے گی۔اس اسکیم کا ایک اور مقصد نہ صرف ماہانہ الاؤنس دینا ہے بلکہ بے روزگارنوجوانوں کو اسکل ڈیولپمنٹ اور اپرنٹس شپ مواقع بھی فراہم کرنا ہے۔