پنجاب: سینیٹ کی خالی نشست پر پی ٹی آئی اور ن لیگ میں مقابلہ
لاہور: پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور کی خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی میں آج صبح پولنگ شروع ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور ن لیگ کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوگا جبکہ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کے امیدوار کو ووٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ڈاکٹر شہزاد وسیم اور ن لیگ کے خواجہ حسان کے درمیان مقابلہ سخت ہے۔ اس موقع پر پولنگ کے لیے صوبائی اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن کادرجہ دیاگیا ہے جبکہ صوبائی الیکشن کمشنر پریزائیڈنگ آفیسر کے فرائض انجام دیں گے۔ قبل ازیں پولنگ کے لیے صبح 9 سے شام 4 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی اور ق لیگ کے اتحاد کو 185 جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار کو 159 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے 7، 3 آزاداورایک راہ حق پارٹی کا رکن بھی ووٹ کاحق استعمال کرے گا۔ پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی کے مطابق ان کے ارکان مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ احمد حسان کو ووٹ دیںگے ۔