شہباز شریف جیل جانے والے ہیں؟
جمعرات 4 اکتوبر 2018 3:00
اسلام آباد...اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کو کارکردگی دکھانے کے لئے وقت ملنا چاہیئے۔ شہباز شریف نے10سالہ دورِ حکومت میں کچھ نہیں کیا۔ وہ عوام کی بد دعاوں سے جلد جیل جانے والے ہیں ۔ نواز شریف کے ساتھ ڈیل یا ڈھیل کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ شریف برادران ماضی سے کچھ نہیں سیکھتے۔ وہ اللہ کی پکڑ میں ہیں۔ شہباز شریف کی نواز شریف کے بغیر کوئی حیثیت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میرے علم میں آیا ہے کہ گزشتہ حکومت نے آئندہ 4 سال تک ہونے والی ترقیاں منصوبوں کی پیشگی ادائیگیاں کر کے آنےو الی حکومت کے لئے خالی خزانہ چھوڑ دیا تاکہ نظام حکومت چلانے کے قابل نہ رہے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ صوبائی و قومی اسمبلی اراکین کے ترقیاتی فنڈ ختم کر کے انہی اراکین سے کوئی قانون سازی کرانا خام خیالی ہے ۔ عوامی نمائندے عوام سے وعدے کر کے ووٹ لیتے ہیں ان کی تکمیل کے لئے فنڈز ضروری ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں کوئی فارورڈ بلاک بنانے کے خواہشمند نہیں وہ خود ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ مشاہد حسین سید کو بہت عزت دی لیکن وہ بھی دوسروں کی طرح دھوکہ دے کر ساتھ چھوڑ گئے حتیٰ کہ تمام رشتہ داروں نے بھی ساتھ چھوڑ دیا تاہم جو واپس آنا چاہے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔