کیرالہ میں طوفان اور تیز بارش، ریڈ الرٹ جاری
جمعرات 4 اکتوبر 2018 3:00
ترواننت پورم۔۔۔۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کیرالہ کے کئی اضلاع میں4کتوبر سے6 اکتوبر تک شدیدبارش اور7 اکتوبر کو طوفان آنے کا امکان ہے۔حالات کے پیش نظر متعلقہ اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔کیرالہ کے وزیر اعلیٰ کے دفتر نے ٹویٹرکے ذریعے شدید بارش اور ریڈ الرٹ کے بارے میں اطلاع دی۔ سی ایم او نے ٹویٹ کیاکہ محکمہ موسمیات نے کیرالہ میں4،5، اور 6 اکتوبر کو مختلف مقامات پر 12 سے 20 سینٹی میٹر بارش اور7 اکتوبر کو 21 سینٹی میٹر تک طوفانی بارش کا امکان ظاہرکیا ۔سی ایم او نے بتایا کہ جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں کم دباؤ کے بعد محکمہ موسمیات نے یہ الرٹ جاری کیا۔ ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 5 اکتوبر سے ساحلی علاقوں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر چلے جائیں اور 4 اکتوبر کے بعد کوئی بھی سمندر میں نہ جائے۔ محکمہ موسمیات نے 3 اضلاع، اڈوکی، پلکڑ اور تریشور میں 7اکتوبر تک کے لئے ریڈ الرٹ جاری کردیا۔ 5 اکتوبر کو کیرالہ کے بیشتر علاقوں میں شدید بارش ہوگی۔