پیپلزپارٹی کے رہنما ہارس ٹریڈنگ کے الزام سے مکر گئے
جمعرات 4 اکتوبر 2018 3:00
اسلام آباد... پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی تیمور تالپور سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ سے متعلق بیان سے مکر گئے۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی اجلاس میں ماحول بنا ہوا تھا۔اس لئے جذباتی تقریر کر ڈالی۔ کسی کا نام نہیں لیا۔میڈیا نے خطاب کو غلط رنگ دیا۔ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے الزامات پر الیکشن کمیشن میں از خود نوٹس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا اور بلوچستان کے رکن شکیل بلوچ پر مشتمل بنچ نے کی۔اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بہت عرصے سے بات ہو رہی ہے کہ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ ہوئی۔ ایک جماعت نے ہارس ٹریڈنگ میں ملوث اپنے پارٹی اراکین کی رکنیت بھی معطل کر دی ۔ ہارس ٹریڈنگ کے ثبوت فراہم کر دیں۔تیمور تالپور کے وکیل نے کہا کہ اسمبلی میں د ئیے گئے بیان کو میڈیا میں غلط رنگ سے پیش کیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے رکن سندھ اسمبلی کو تحریری جواب جمع کر انے کی ہدایت کی ۔ واضح رہے کہ تیمور تالپور نے سندھ اسمبلی میں تقریر کے دوران کہا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے دوران جن اراکین نے پیپلز پارٹی کو ووٹ بیچا تھا وہ اب بھی اسمبلی میں بیٹھے ہوئے ہیں۔