محمد عامر کو آرام کی ضرورت ہے
جمعرات 4 اکتوبر 2018 3:00
صلاح الدین حیدر ۔کراچی
پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر کو اگلے سال کے اوئل میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز شروع ہونے تک آرام کی ضرورت ہے تاکہ وہ دوبارہ اپنی فارم بحال کرسکیں۔ یہ کہنا تھا سوئی سدرن گیس کمپنی کے ہیڈ کوچ عتیق الزمان کا جن کی کمپنی نے محمد عامر سے کھیلنے کا نیا معاہدہ کیا ہے۔عامر جو کہ 5سال کی پابندی کے بعد دوبار ہ کھیل میں واپس آئے تب بھی ان کی فارم ٹھیک تھی اور جس طرح انہوںنے 2017ءکی چیمپیئن ٹرافی میں 3 اوور میں صرف 10رنز دے کر ہند کے 3بہترین بیٹسمینوں، ویرات کوہلی، روہت شرما اور شیکھر دھون کو پویلین کی راہ دکھائی تھی وہ لوگوں کو بہت دنوں تک یاد رہے گا لیکن اس کے بعد عامر کو وکٹ ملنا مشکل ہو گئیں۔ ٹیسٹ میچوں ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں عامر زیادہ تر ناکام رہے۔ وہ رنز ضرور روک لیتے تھے لیکن اسٹرائےک بولر کا کام وکٹیں لینا ہوتا ہے۔ ان کے کوچ کاکہنا تھا کہ عامر کی اسپیڈ میں کافی کمی آگئی ہے۔ اس کی کلائی اس طرح نہیں مڑتی جو سوئنگ اور سیم کا فائدہ اٹھا کر بیٹسمین کو آوٹ یا تنگ کر سکے۔ اس کی بڑی وجہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا موجودہ شیڈول ہے ۔ ٹیم کے ایک کے بعد ایک ٹورنامنٹ اور سیریز کھیلنے سے عامر کو تھکاوٹ ہوگئی ہے۔ ان کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا بھی یہی خیال ہے۔ عامر کی ٹانگ میں تکلیف ہے، اس کے باوجود وہ تیز گیند کرانے پر مجبور ہےں لیکن اب جبکہ پاکستان کے پاس عثمان شنواری ، حسن علی، شاہین آفریدی جیسے تیز بولر موجود ہیں تو اگر عامر کو 3مہینوں کیلئے نیٹ پریکٹس ےا مقامی ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کا اعتماد بحال رہے۔ عتیق الزمان نے کہا کہ عامر خود بھی سمجھتا ہے کہ جب وہ ٹھیک سے گیند نہیں کر رہا ہے تو اسے کچھ دنوں کیلئے صرف ملک میں ہی کھیلنا چاہئے تاکہ پریکٹس ملتی رہے اور وہ دوبارہ اپنی اسپیڈ اور اعتماد بحال کرسکے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں